خیبرپختونخوا حکومت نے سیف اللہ جھیل کشتی حادثے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد ایاز کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ اسپیشل سیکرٹری فنانس زبیر احمد کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی حادثے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی اور اس کے پاس ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سفارشات 7 روز کے اندر حکومت خیبرپختونخوا کو پیش کرے۔
یہ بھی پڑھیں: کالام: سیف اللہ جھیل میں سیاحوں کی کشتی الٹ گئی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، 3 لاپتہ
سوات میں پیش آنے والے المناک کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن کا تعلق لاہور سے تھا۔
جاں بحق افراد میں ریٹائرڈ کرنل عامر اوندل، ان کے 20 سالہ بیٹے عبداللہ، 27 سالہ بیٹی پروا اوندل، 23 سالہ بیٹی رویل اوندل، پروا اوندل کا ایک سالہ بیٹا اور پانچ سالہ بیٹی شامل ہیں۔





