عمران خان کی رہائی کی حکمت عملی کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

کاشف الدین سید
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا اسمبلی کی عمران خان رہائی تحریک سے متعلق مشاورتی کمیٹی کے اراکین نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے اہم ملاقات کی ہے۔ 

ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تحریک کے آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے جلد ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس، پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اور دیگر متعلقہ رہنما شریک ہوں گے۔

اس اجلاس میں خیبر پختونخوا کی مشاورتی کمیٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا تاکہ رہائی تحریک کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

اس مشاورتی ملاقات میں سابق اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی، رکن صوبائی اسمبلی ادریس خٹک اور رکن صوبائی اسمبلی سجاد بارکوال نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ، ژوب میں مسافروں سے بھری بس کھائی میں جا گری

ملاقات کے دوران مشاورتی کمیٹی کے شرکاء نے عمران خان سے ملاقاتوں پر عائد پابندی، مناسب علاج و معالجے کی سہولیات کی عدم فراہمی اور دیگر بنیادی انسانی حقوق سے محرومی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے اور ان سے ملاقاتوں سمیت طبی سہولیات کی فراہمی میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔

Scroll to Top