پاکستان نے جدید طبی سائنس کے میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا بھر میں اپنی طبی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے جہاں کار ٹی سیل تھراپی جیسے جدید اور پیچیدہ علاج کو کامیابی سے انجام دیا گیا ہے۔
مسلح افواج کے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر میں پاکستان میں پہلی بار کار ٹی سیل تھراپی کامیابی سے مکمل کی گئی، جس کے نتیجے میں اکیس سالہ مریض مکمل صحت یابی کی طرف گامزن ہو گیا ہے۔
آرمی میڈیکل کور کے ماہرین نے برسوں کی تحقیق اور جدید طبی تکنیکوں کے استعمال کے بعد یہ تاریخی کامیابی حاصل کی جسے ملک کے طبی شعبے میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کامیاب علاج کے دوران مریض اور اس کے اہل خانہ نے مثالی حوصلے اور اعتماد کا مظاہرہ کیا, ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے پاکستان نے جدید کینسر کے علاج کے میدان میں عالمی سطح پر اپنی جگہ مزید مستحکم کر لی ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے طبی شعبے کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ قومی اعتماد اور سائنسی ترقی کے سفر کو بھی نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے۔





