پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے میں مقیم چینی شہریوں اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے جدید اور مربوط سیکیورٹی نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کا پہلا جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ایس ایس یو کا پہلا خصوصی دستہ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں اہلکار چوبیس گھنٹے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعینات اہلکاروں کو چینی زبان کی خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے تاکہ چینی شہریوں سے مؤثر رابطہ اور بروقت معاونت ممکن بنائی جا سکے۔
پولیس کے مطابق چینی شہریوں اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے 28 نکاتی جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی اداروں کے تعاون سے مختلف منصوبوں تک رسائی اور آمدورفت کے لیے تفصیلی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) بھی مرتب کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں تیز آندھی اور طوفان، 11 افراد زخمی
حکام کا کہنا ہے کہ سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ کانوائے کو روانگی سے منزل تک مسلسل مانیٹر کرے گا اور جدید کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے تمام اضلاع کو بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کانوائے کی لائیو لوکیشن پر بھی مسلسل نظر رکھے گا۔
پولیس کے مطابق چینی شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری رابطے کے لیے خصوصی ایمرجنسی نمبر بھی فراہم کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری نمٹنے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم ہر وقت فعال رہے گا تاکہ غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی باشندوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔





