اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کے مسلسل دباؤ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت شہریوں کے لیے مزید بوجھ بن گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی تازہ دستاویز کے مطابق ملک میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2 ہزار 900 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے، جہاں 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 900 روپے تک دستیاب ہے۔
دستاویز کے مطابق اسلام آباد، کوئٹہ اور خضدار میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ پشاور میں یہی تھیلا 2 ہزار 750 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 747 روپے، حیدرآباد میں 2 ہزار 740 روپے اور بنوں میں 2 ہزار 700 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محنت کش خاندانوں کے لیے حکومت کی بڑی خوشخبری، ایک لاکھ مزید بچوں کو تعلیم ملے گی
اسی طرح سکھر میں 20 کلو آٹا 2 ہزار 560 روپے، لاڑکانہ میں 2 ہزار 500 روپے، ملتان میں 2 ہزار 420 روپے جبکہ گوجرانوالہ اور بہاولپور میں 2 ہزار 400 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 333 روپے، فیصل آباد میں 2 ہزار 300 روپے، لاہور میں 2 ہزار 250 روپے اور سرگودھا میں 2 ہزار 240 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث شہریوں کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہوا ہے، جبکہ مہنگائی کے اثرات عام صارفین کے بجٹ پر بھی نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔





