گلگت: گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ امجد ایڈووکیٹ آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جس کے ساتھ ہی نئی صوبائی حکومت باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گی۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے حالیہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا، جس کے دوران وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے مراحل کامیابی سے طے پائے۔
امجد ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں اکثریتی ووٹ حاصل کر کے ایوان کا اعتماد حاصل کیا، جس کے بعد وہ آج باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مرکزی قیادت کے ہمراہ گلگت پہنچ چکے ہیں، جبکہ پارٹی رہنماؤں، کارکنوں، مختلف سیاسی شخصیات، سرکاری حکام اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد کی شرکت بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا پاکستان کو امن کا داعی تسلیم کر رہی ہے، گورنر خیبر پختونخوا
حکام کے مطابق تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور اس کے اطراف میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ تقریب پرامن ماحول میں منعقد ہو سکے۔





