بونیر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مؤثر سفارتکاری، قومی اتحاد اور امن کے فروغ کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید مضبوط ہوا ہے اور آج دنیا پاکستان کو امن کے داعی اور ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
بونیر میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پلوامہ واقعے کی آڑ میں پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دلوانے کی کوششیں ناکام ہوئیں، جبکہ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے عالمی برادری نے پاکستان سے رابطہ کیا اور پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتکاری کے ذریعے امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ امریکا، چین، روس اور عرب ممالک پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کر رہے ہیں، جبکہ فیلڈ مارشل، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے قومی مفادات کے تحفظ اور ملک کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، شہید بینظیر بھٹو نے میزائل پروگرام کو آگے بڑھایا، جبکہ صدر آصف علی زرداری جے ایف-17 تھنڈر کی ٹیکنالوجی پاکستان لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل اتنے مہنگے کیوں؟ اصل وجہ سامنے آگئی
انہوں نے کہا کہ امن کے قیام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، سیاحت، تیل، گیس اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے، جس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے امن کا قیام ناگزیر ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ وفاق کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے پارٹی کارکنوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور کامیاب پارٹی کنونشن کے انعقاد پر ضلعی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔





