صدر آصف علی زرداری آج کس ملک کا دورہ کریں گے؟ نام سامنے آگیا

صدر آصف علی زرداری آج کس ملک کا دورہ کریں گے؟ نام سامنے آگیا

صدر مملکت آصف علی زرداری کرغزستان کے چار روزہ سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کرغز قیادت سے اہم ملاقاتیں اور دوطرفہ مذاکرات کریں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری آج سے 9 جولائی تک جمہوریہ کرغزستان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ گزشتہ 21 برسوں کے دوران کسی بھی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی کرغزستان جائے گا۔ یہ دورہ کرغزستان کے صدر سیدر ژاپاروف کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور کرغز صدر سیدر ژاپاروف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان بھی اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے جائیں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاک۔کرغز تعلقات کے مختلف پہلوؤں، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت، دواسازی، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دورے کے دوران صدر مملکت کرغزستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے بھی خیرسگالی ملاقات کریں گے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سفارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top