ایک میچ نے بدل دی قسمت، پرتگال اور امریکا ورلڈ کپ سے باہر

ایک میچ نے بدل دی قسمت، پرتگال اور امریکا ورلڈ کپ سے باہر

ورلڈ کپ فٹبال میں بڑا اپ سیٹ، امریکا اور پرتگال کا سفر ختم، بیلجیئم اور اسپین کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

فیفا ورلڈ کپ فٹبال کے ناک آؤٹ مرحلے میں بڑے اپ سیٹ سامنے آگئے، جہاں بیلجیئم نے میزبان امریکا کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، جبکہ اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

سیٹل کے تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں بیلجیئم نے امریکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-1 سے شکست دی۔ امریکی ٹیم بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اتری، جبکہ ریڈ کارڈ کے باعث معطلی کا سامنا کرنے والے کھلاڑی بیلوگن بھی میچ میں شریک ہوئے۔

میچ کے دوران بیلجیئم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور امریکی دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ بیلجیئم کی جانب سے ڈی کیٹالاری نے دو گول اسکور کیے، جبکہ ہنس ویناکن نے 57ویں منٹ میں تیسرا گول کیا۔ انجری ٹائم میں رومیلو لوکاکو نے چوتھا گول کر کے ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔

امریکا کی جانب سے واحد گول ٹلمین نے کیا، تاہم میزبان ٹیم بیلجیئم کی مضبوط حکمت عملی کا مقابلہ نہ کر سکی اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

دوسری جانب ڈیلاس میں کھیلے گئے ایک اور اہم پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے پرتگال کو 1-0 سے شکست دے کر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم کا ورلڈ کپ سفر ختم کر دیا۔

مقابلے میں اسپین نے ابتدا سے ہی بہتر کھیل پیش کیا اور پرتگال کے مقابلے میں زیادہ حملے کیے۔ پرتگال نے بھی کئی مواقع پیدا کیے، تاہم اسپین کے دفاع نے انہیں گول میں تبدیل نہ ہونے دیا۔

میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور کوشش کی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔ فیصلہ کن لمحہ کھیل کے انجری ٹائم میں آیا، جب اسپین کے میکائیل میرینو نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

بقیہ وقت میں پرتگال گول برابر نہ کر سکا اور اسپین نے 1-0 کی فتح کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

یوں ورلڈ کپ کے بڑے ناموں میں شامل امریکا اور پرتگال کا ٹائٹل جیتنے کا خواب ختم ہوگیا، جبکہ بیلجیئم اور اسپین نے اگلے مرحلے میں جگہ بنا کر اپنی پیش قدمی جاری رکھی ہے۔

Scroll to Top