بھائی کو چوکیدار بھرتی کریں ورنہ!یوٹیوبرشہزاد نواز اور ایم پی اے کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا

میرے بھائی کو بھرتی کریں ورنہ!یوٹیوبرشہزاد نواز اور ایم پی اے کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا

مبینہ لیک چیٹس نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی، سرکاری بھرتی کے معاملے پر نیا تنازع سامنے آگیا۔

خیبرپختونخوا میں سیاسی و سماجی حلقوں میں ایک نیا تنازع سامنے آیا ہے، جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی سمجھے جانے والے یوٹیوبر شہزاد نواز کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی اکرام غازی پر دباؤ ڈالنے سے متعلق کچھ شواہد سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر واٹس ایپ پیغامات کے اسکرین شاٹس گردش کر رہے ہیں، جن میں شہزاد نواز کی جانب سے اپنے بھائی کو سرکاری ملازمت دلوانے کے لیے سفارش کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ پیغامات میں کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں کے حوالے سے اکرام غازی سے تعاون کی درخواست کا ذکر موجود ہے۔

دستاویزات کے مطابق مبینہ طور پر شہزاد نواز نے اپنے بھائی محمد حسن کے لیے ہائی سکول رشیدہ اوگی اور گورنمنٹ گرلز کالج اوگی میں کلاس فور ملازمت کے لیے سفارش کی، جبکہ گورنمنٹ پرائمری سکول دمڈھیری شیڑگڑھ میں سکیورٹی گارڈ کی خالی آسامی کے لیے بھی درخواست کا ذکر کیا گیا ہے۔

مبینہ پیغامات میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھرتیوں کے معاملے میں دیگر سیاسی شخصیات سے رابطوں اور سفارش کا ذکر موجود ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ یا سرکاری سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ سرکاری بھرتیوں میں اثر و رسوخ کے استعمال کے حوالے سے ایک اہم معاملہ بن سکتا ہے۔ دوسری جانب متعلقہ افراد کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ موقف سامنے آنا باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہزاد نواز پر اس سے قبل بھی بعض دیگر الزامات سامنے آ چکے ہیں، جن میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں مبینہ غیر قانونی رہائش اور سرکاری دوروں سے متعلق سہولیات حاصل کرنے کے دعوے شامل ہیں، تاہم ان الزامات کی بھی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

معاملے پر مزید پیش رفت اور متعلقہ فریقین کے مؤقف سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔

Scroll to Top