پاکستان کے بیشتر علاقے ان دنوں شدید ترین گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں جہاں حبس اور تپش کے باعث محسوس کیے جانے والے درجہ حرارت (فیل لائک) میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان کا شہر سبی ملک کا گرم ترین علاقہ رہا جہاں فیل لائک درجہ حرارت ریکارڈ 68 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیاجبکہ سکھر میں یہ حد 55 اور سرگودھا میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔
ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی تپش عروج پر ہے جہاں لاہور میں فیل لائک درجہ حرارت 51 ڈگری، بہاولپور میں 49 ڈگری جبکہ حیدرآباد، فیصل آباد اور ملتان میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ ساحلی شہر کراچی اور خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں محسوس ہونے والی تپش 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچی۔
گرمی کی یہ شدید لہر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے دیگر حصوں میں بھی برقرار ہے جس کے مطابق بھکر میں فیل لائک درجہ حرارت 46 ڈگری، سیالکوٹ میں 45 ڈگری جبکہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے غیر معمولی ہیٹ ویو کے پیش نظر شہریوں کو دھوپ میں بلا ضرورت نکلنے سے پرہیز کرنے، متواتر پانی پینے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔





