بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب مل میں واقع امدادیہ مدرسے پر کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا ہےجس کے نتیجے میں دو معصوم بچے شہید ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آج رات تقریباً 7 بجے پیش آیا جب نامعلوم دہشت گردوں نے سریاب مل روڈ پر واقع امدادیہ مدرسے کو نشانہ بناتے ہوئے دستی بم پھینکا۔ دھماکے کے نتیجے میں وہاں موجود دوبچے موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : زیارت مانگی حملے کا بھرپور جواب، فتنہ الخوارج کے15 دہشتگرد ہلاک، کلیئرنس آپریشن مکمل
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی اسکیننگ شروع کر دی ہے جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔





