عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہونے پر پورا ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے گا،علی پرویز ملک

عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہونے پر پورا ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے گا،علی پرویز ملک

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں جیسے ہی مزید کمی آئے گی اس کا تمام تر فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے اور قیمتوں کا تعین بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق کیا جاتا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے سامنے تمام حقائق پیش کر دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ خام تیل کی عالمی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح پر واپس آ چکی ہیں تاہم پاکستان جو پیٹرول درآمد کرتا ہے اس کی قیمت اب بھی جنگ سے پہلے کے مقابلے میں تقریباً 15 ڈالر فی بیرل زیادہ ہے۔

علی پرویز ملک نے وضاحت کی کہ پاکستان اپنی ضرورت کا 70 سے 80 فیصد پیٹرول درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی مارکیٹ میں درآمدی پیٹرول کی قیمت براہِ راست ملکی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی مالی گنجائش پیدا ہوئی وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دیا اور پیٹرول کی قیمت میں 70 سے 80 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی جبکہ مستقبل میں بھی عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر اس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ حالیہ جنگی صورتحال کے دوران محدود اسٹریٹجک ذخائر کے باوجود ملک میں تیل کی فراہمی کا نظام متاثر نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹجک آئل ذخائر کے قیام کے لیے عالمی سطح کی دو کنسلٹنٹ فرمز کام کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گیس کی قیمتوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تیل و گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کے لیے سرمایہ کاری ناگزیر ہے اور کمپنیوں کو بروقت ادائیگیاں کیے بغیر توانائی کے شعبے میں ترقی ممکن نہیں۔

Scroll to Top