پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر حکومت کا اہم اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور جیسے ہی عالمی نرخوں میں مزید کمی آئے گی، اس کا ریلیف فوری طور پر صارفین کو دیا جائے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح پر واپس آ چکی ہیں۔

تاہم پاکستان اپنی ضروریات کا 70 سے 80 فیصد تیل درآمد کرتا ہے، جس کے باعث ملک کو اب بھی پٹرول جنگ سے پہلے کے مقابلے میں 15 سے 20 ڈالر فی بیرل مہنگا خریدنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے پٹرولیم لیوی کم رکھی ہے تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: فنڈز کی کمی اور انتظامی رکاوٹوں کے باعث ناردرن بائی پاس منصوبہ تاخیر کا شکار

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر وزیراعظم نے اپنے وعدے کے مطابق فوری طور پر پٹرول کی قیمت میں 70 سے 80 روپے فی لیٹر تک کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا تھا۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ اوگرا گزشتہ بیس برس سے رائج طریقہ کار کے مطابق ہر ہفتے عالمی نرخوں، درآمدی لاگت اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت نے سستے ایندھن کی فراہمی کے لیے 130 ارب روپے کی سبسڈی بھی فراہم کی، جس کے ذریعے موٹر سائیکل سواروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ریلیف دیا گیا۔

Scroll to Top