پیپلز پارٹی کا 40 سال بعد مینارِ پاکستان پر جلسے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے تقریباً چار دہائیوں بعد ایک بار پھر مینارِ پاکستان لاہور میں بڑا عوامی اجتماع منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پارٹی قیادت کے مطابق 25 جولائی کو مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں تاریخی کنونشن اور جلسہ منعقد کیا جائے گا، جو 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب تک جاری رہے گا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے بتایا کہ آخری مرتبہ 10 اپریل 1986 کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مینارِ پاکستان پر تاریخی جلسے سے خطاب کیا تھا، جس کے بعد اب 40 سال بعد پارٹی دوبارہ اسی مقام پر سیاسی اجتماع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کا جلسہ پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، جس میں کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر حکومت کا اہم اعلان

فیصل میر کے مطابق جلسے کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، خصوصی ترانہ بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ لاہور میں تنظیمی سرگرمیوں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 10 اپریل 1986 کو مینارِ پاکستان پر ہونے والا پیپلز پارٹی کا جلسہ اس وقت سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا، جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی تھی۔

Scroll to Top