شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر ایل پی جی گیس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے دوران 12 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر رورل فہد چیمہ کی سربراہی میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں کی چیکنگ کے لیے آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والی 12 ایل پی جی دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی ان دکانداروں اور تھوک فروشوں کے خلاف کی گئی جو مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کر رہے تھے اور عوام سے اضافی رقم وصول کر کے ناجائز منافع کما رہے تھے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رورل فہد چیمہ نے کہا کہ شہریوں کو مناسب قیمت پر ضروری اشیاء کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ایل پی جی کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی، ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، جبکہ دکان سیل کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرتا ہے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔





