سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ اور جیو انٹرٹینمنٹ کے باہمی تعاون سے وطنِ عزیز کے ایک جرات مند اور بہادر سپوت، کیپٹن اسفندیار بخاری شہید کی حقیقی زندگی، غیر متزلزل حب الوطنی اور بے مثال شجاعت پر مبنی ایک شاندار کہانی بہت جلد ٹی وی اسکرینز کی زینت بننے جا رہی ہے۔
اس ڈرامہ سیریز کی کہانی فرض شناسی، عزت اور مٹی سے کیے گئے اس لازوال وعدے کے گرد گھومتی ہے جس کا عملی مظاہرہ کیپٹن اسفندیار بخاری شہید نے اپنی زندگی کے آخری لمحے تک کیا اور آنے والی نسلوں کے لیے بہادری کی ایک نئی اور لازوال مثال قائم کی۔
پروڈکشن ہاؤس کے مطابق یہ کہانی ملک و ملت سے سچی محبت اور عشق کی وہ داستان ہے جو شائقین کے دلوں کو چھو لے گی اور ان میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کرے گی۔
پاک فوج کے جرات مند افسر کیپٹن سید اسفندیار بخاری شہید 14 اگست 1988 کو پیدا ہوئے اور ان کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک سے تھا۔
انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کے لیے کیڈٹ کالج حسن ابدال کا رخ کیا، جہاں سے انہوں نے شاندار تعلیمی اور غیر نصابی ریکارڈ کے ساتھ گریجویشن مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے پاک ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں شمولیت اختیار کی اور 118 لانگ کورس کے ذریعے پاک فوج کے غازی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔
پی ایم اے میں اپنی عسکری تربیت اور جنگی حکمت عملی کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں فوج کے باوقار عسکری اعزاز ‘ٹیکٹکس میڈل’ سے بھی نوازا گیا، جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
18 ستمبر 2015 کی صبح پشاور کے بڈھ بیر ایئر فورس کیمپ پر دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ اس دن کیپٹن اسفندیار بخاری اسٹاف اپائنٹمنٹ پر تعینات تھے اور ان کی ڈیوٹی براہِ راست فرنٹ لائن پر نہیں تھی لیکن جیسے ہی انہیں حملے کی اطلاع ملی، وہ وطن کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے کسی تاخیر کے بغیر کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) کے ایکشن میں شامل ہو گئے۔
انہوں نے جناح ونگ کے کمانڈر کی حیثیت سے خود آگے بڑھ کر فرنٹ لائن پر اپنے دستے کی قیادت کی اور عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کا رخ موڑ دیا۔
انہوں نے انتہائی دلیری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور اس کامیاب آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی اس عظیم قربانی اور بے باک دلیری پر ان کے آبائی علاقے اٹک سمیت ملک بھر کے عوام اور سیکیورٹی اداروں نے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس بڑے، تاریخی اور جذباتی پروجیکٹ کی ہدایت کاری کے فرائض پاکستان کے معروف اور مایہ ناز ڈائریکٹر حسیب حسن نے سرانجام دیے ہیں جو اس سے قبل بھی کئی بڑے پروجیکٹس کو کامیابی سے سکرین پر لا چکے ہیں۔ اس سیریز کی جاندار اور سچی کہانی کو عابد حسن عباسی نے انتہائی جذباتی اور دستاویزی انداز میں قلمبند کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر
اس ڈرامے کی کاسٹ میں پاکستانی میڈیا انڈسٹری کے نامور، سینئر اور انتہائی باصلاحیت اداکار شامل ہیں، جو اپنے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرتے نظر آئیں گے۔ ان اداکاروں میں علی عمار، ہنا آفریدی، نعمان مسعود، سلمیٰ حسن، توثیق حیدر، ہنا بیات، سعد اظہر، عمر ڈار، نیئر اعجاز اور حسن نیازی شامل ہیں۔
سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پیشکش میں بننے والی یہ معلوماتی، تاریخی اور حب الوطنی کے جذبوں سے بھرپور سیریز بہت جلد صرف جیو انٹرٹینمنٹ پر پیش کی جائے گی ۔





