مسلح افواج قوم کے تعاون سے پروکسیز کی محفوظ پناہ گاہوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گی، فیلڈ مارشل

پاکستان کی داخلی سلامتی اوراقتصادی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہا ہے کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مسلح افواج مکمل باخبر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کیا۔ اس کورس میں پاک فوج کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران شریک تھے۔

اپنے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کے بدلتے ہوئے اطوار اور پیچیدہ اسٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک واضحت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کی تربیت میں این ڈی یو جیسے مایہ ناز ادارے کے کردار کو سراہا جو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ بصیرت، اعتماد اور عزم کے ساتھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج جنگ کے بدلتے ہوئے طریقہ کار کے مطابق اپنی جنگی حکمت عملیوں کو ازسرنو ترتیب دے رہی ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلح افواج دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے پوری طرح باخبر ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ملکی ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پروکسیز اور نیٹ ورکس کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوں گی اور انہیں پاکستان کی اندرونی سلامتی اور اقتصادی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ سرحد پار سے پھیلائی جانے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری طاقت کے ساتھ کچل دیا جائے گا۔ مسلح افواج، قوم کے تعاون سے ان پروکسیز کی محفوظ پناہ گاہوں اور ان کے سہولت کاروں کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنائیں گی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ جنگیں میڈیا کے بیانیے یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم (ڈسپلن) کے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نےلاپتہ نجی کارگو طیارےکا ملبہ تلاش کر لیا، ریسکیو کارروائیاں جاری

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہر قسم کے کٹھن حالات سے گزر کر نکھرنے والی پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، بے لوث خدمت اور ملک و ملت کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کی اقدار پر سختی سے کاربند رہیں۔

قبل ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر صدر این ڈی یو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرجوش استقبال کیا۔

Scroll to Top