صوبائی دارالحکومت پشاور میں دو دنوں کے اندر 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حالیہ اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 2900 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی ہے جبکہ میدے کے نرخوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں فائن، اسپیشل، مکس اور سرخ آٹے کی قیمتیں یکدم بڑھ گئی ہیں، جس کی وجہ سے 20 کلو کے تھیلے اور 80 کلو کی بوریوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔
آٹے کی قیمتیں بڑھتے ہی تندور مالکان نے بھی روٹی کا وزن مزید کم کر دیا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات دوچند ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب نان بائیوں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے خیبرپختونخوا کے لیے آٹے کی سپلائی پر عائد مبینہ پابندی اس اچانک منہگائی کی بنیادی وجہ ہے۔ سپلائی متاثر ہونے سے مقامی مارکیٹ میں شارٹیج پیدا ہوئی جس کے باعث قیمتیں بڑھیں اور انہیں مجبوراً روٹی کا وزن گھٹانا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ، ریٹس مزید کم ہو گئے،فی تولہ کتنے کا ہوگیا ؟ جانئے
صارفین کا کہنا ہے کہ آٹے کی اس من مانی قیمتوں اور گراں فروشی پر ضلعی انتظامیہ نے مکمل طور پر چپ سادھ رکھی ہے اور مارکیٹ کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔





