تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید سپریم لیڈر کی تجہیز و تکفین میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور ہمدردی کو سراہا ہے۔
ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کی آمد پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے دکھ اور غم کی اس گھڑی میں جس محبت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا، ایران اسے کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے عوام ہمیشہ بھائی چارے، یکجہتی اور باہمی احترام کے رشتے میں بندھے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید رہنما پاکستان کی حکومت اور عوام سے خصوصی محبت رکھتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس میں نیا موڑ، خاتون کا اہم بیان سامنے آگیا
ایرانی صدر کے مطابق شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ ثقافت کو دونوں برادر ممالک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے تھے اور دونوں قوموں کے درمیان مضبوط تعلقات کے خواہاں تھے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی میت عراق سے واپس ایران منتقل کر دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا میں شہید رہنما کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جبکہ تعزیتی جلوسوں میں ہزاروں سوگواروں نے شرکت کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں میت کو عراق سے ایران منتقل کر دیا گیا۔





