تھانہ مندنی کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کا والد شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ چارسدہ کے علاقے ہری چند پاؤ کلے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کمسن بچہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ بچے کے والد سید بادشاہ کو گولیاں لگنے سے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد لاش اور زخمی شخص کو جمال آباد ہسپتال مندنی منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے محرکات اور ملزمان کی شناخت کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے، جبکہ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملوث افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔





