وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، ایپکس کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں وہ امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی معاملات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم کی کوئٹہ ایئرپورٹ آمد پر گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سیکیورٹی اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بلوچستان میں امن و استحکام کے فروغ، دہشت گردی کے خاتمے اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔





