نیدرلینڈز کی سیر یا مختصر مدت کے سفر کا ارادہ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے شینگن وزٹ ویزا حاصل کرنا لازمی ہے، جس کے لیے درخواست کے طریقہ کار، مطلوبہ دستاویزات اور فیس سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
نیدرلینڈز کے سیاحتی مقامات کی وجہ سے ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد وہاں کا رخ کرتے ہیں تاہم پاکستان سے سفر کرنے والے شہریوں کو روانگی سے قبل یہ مختصر مدت کا ویزا حاصل کرنا ہوتا ہے۔
پاکستان میں نیدرلینڈز کے وزٹ ویزا کے خواہشمند افراد کو اپنی درخواست جیریز ویزا ایپلیکیشن سینٹر کے ذریعے جمع کرانا ہوتی ہے۔ اس مقصد کے لیے سب سے پہلے آن لائن اپوائنٹمنٹ لینا ضروری ہے، جس کے بعد مقررہ تاریخ پر مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی جاتی ہیں۔
اپوائنٹمنٹ کے روز درخواست گزار کو جیریز ویزا سینٹر میں خود حاضر ہونا پڑتا ہے۔ وہاں دستاویزات کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ بائیومیٹرک معلومات بشمول انگلیوں کے نشانات اور تصویر کا عمل مکمل کیا جاتا ہے، جبکہ اسی موقع پر ویزا فیس اور سروس چارجز بھی جمع کیے جاتے ہیں۔
ویزا درخواست کے لیے کم از کم چھ ماہ تک کارآمد پاسپورٹ، مکمل پُر کیا گیا ویزا فارم اور شینگن معیار کے مطابق حالیہ تصاویر درکار ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ گزشتہ چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ، بینک مینٹیننس سرٹیفکیٹ، ملازمت یا کاروبار سے متعلق دستاویزات اور ٹیکس ریٹرن جمع کرانا لازمی ہے۔
درخواست گزاروں کو اپنے سفر کی تصدیق کے لیے فلائٹ ریزرویشن، ہوٹل بکنگ یا دعوت نامہ، ٹریول انشورنس اور سفر کا مکمل شیڈول بھی فراہم کرنا ہوتا ہے، جبکہ بعض مخصوص کیسز میں فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔
سال 2026 کے لیے پاکستانی درخواست گزاروں کے لیے نیدرلینڈز کے شینگن وزٹ ویزا کی فیس 90 یورو مقرر کی گئی ہے، جو موجودہ شرح تبادلہ کے مطابق تقریباً 28 ہزار 541 پاکستانی روپے بنتی ہے۔
درخواست جمع ہونے کے بعد اسے نیدرلینڈز کے متعلقہ حکام کو بھجوا دیا جاتا ہے اور عام طور پر ویزا درخواست پر 15 دن کے اندر فیصلہ کر دیا جاتا ہے، تاہم بعض معاملات میں تفصیلی جانچ پڑتال کے باعث اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔
حکام ویزا جاری کرنے کا حتمی فیصلہ کرنے سے قبل درخواست گزار کے سفر کے اصل مقصد، مالی حیثیت، پرانے سفری ریکارڈ، وقت پر وطن واپسی کے امکانات اور جمع کرائی گئی تمام دستاویزات کی صداقت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہیں۔





