اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو اپنی جماعت میں شامل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
لیگی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف آزاد کشمیر کے کئی رہنماؤں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کا وفد بھی موجود تھا۔
ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات، مجموعی سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیگی وفد نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور پر بھی رانا ثناء اللہ کو بریفنگ دی۔
اس دوران انتخابی مہم، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کی تنظیمی تیاریوں سمیت مختلف سیاسی معاملات بھی زیر غور آئے۔
یہ بھی پڑھیں : بانی ممبر کونسلر شوکت سدوزئی نے کالعدم ایکشن کمیٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا
ملاقات کے موقع پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنی آزادانہ رائے کے مطابق نمائندے منتخب کرنے کے لیے پرامن، شفاف اور سازگار انتخابی ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔
انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، غیر جانبدار اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام کے ووٹ کا تحفظ اور انتخابی عمل کی ساکھ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، کیونکہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہی جمہوری نظام اور عوامی اعتماد کو مضبوط بناتے ہیں۔





