محکمہ صحت پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول نے جعلی ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اینٹی بائیوٹک ایزومیکس 250 ملی گرام کی ایک مخصوص کھیپ کو جعلی قرار دیتے ہوئے فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ بیچ کی دوا ہرگز استعمال نہ کریں اور ادویات صرف مجاز میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں سے ہی خریدیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول کے مطابق ایزومیکس 250 ملی گرام کا بیچ نمبر H5332 جعلی قرار دیا گیا ہے، جس کی میعاد جولائی 2027 تک درج ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس دوا پر اے جی پی لمیٹڈ کا نام درج ہے، تاہم کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ بیچ اس کی تیار کردہ اصل مصنوعات کا حصہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : روزانہ کافی پینا جگر کے سنگین امراض سے بچاؤ میں مددگار، نئی تحقیق
حکام نے تمام فارمیسیوں، میڈیکل اسٹورز، ڈسٹری بیوٹرز اور دیگر طبی مراکز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بیچ کی فروخت اور تقسیم فوری طور پر روک دیں، موجود اسٹاک کو الگ رکھیں اور متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
محکمہ صحت نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ بیچ نمبر H5332 کی دوا ہرگز استعمال نہ کریں اور ادویات کی خریداری صرف مستند اور مجاز فارمیسیوں یا میڈیکل اسٹورز سے کریں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر اس دوا کے استعمال سے کسی بھی قسم کا مضر اثر سامنے آئے تو اس کی فوری اطلاع پنجاب فارماکوویجیلنس سینٹر کو دی جائے تاکہ بروقت ضروری کارروائی کی جا سکے۔





