علی امین گنڈاپور کی آڈیو لیک، صوبائی معاملات پر کھل کر بول پڑے

پشاور: خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں بھیجا گیا ایک آڈیو پیغام منظرِ عام پر آ گیا، جس میں انہوں نے صوبے کی موجودہ صورتحال، حکومتی امور، ترقیاتی منصوبوں اور اراکینِ اسمبلی کی تنخواہوں سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

بعد ازاں علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل نے آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ریکارڈنگ علی امین گنڈاپور کی ہی ہے، تاہم اس پر مزید تبصرہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

منظرِ عام پر آنے والے آڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ڈرون حملے ہو رہے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کے فنڈز سے آپریشن بھی کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض صوبائی وزراء اور اراکینِ اسمبلی ناقص معیار کے ترقیاتی کاموں کو روک رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود بیڈ گورننس کا الزام حکومت پر ہی عائد کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : محکمہ صحت میں بھرتیاں:پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو حتمی فیصلے سے روک دیا

آڈیو پیغام میں انہوں نے اراکینِ اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد نے تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کیا اور متعلقہ ایکٹ کی حمایت کی، ان کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ بانیٔ پاکستان تحریک انصاف نے اراکینِ صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دینے سے انکار کیا تھا، جبکہ وہ خود بھی اس تمام عمل کا حصہ نہیں ہیں اور اس حوالے سے ان کا مؤقف سب کے سامنے ہے۔

دوسری جانب ترجمان فراز مغل نے آڈیو ریکارڈنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ علی امین گنڈاپور کی آواز ہے، تاہم اس معاملے پر پارٹی کی جانب سے تفصیلی مؤقف مناسب وقت پر سامنے لایا جائے گا۔

Scroll to Top