پاکستان نے سائنس کے میدان میں ایک اور عالمی اعزاز حاصل کر لیا، جہاں 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کانسی کے تمغے اپنے نام کر لیے۔
انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 4 سے 12 جولائی 2026 تک بوکارامانگا، کولمبیا میں منعقد ہوا، جس میں دنیا کے 90 سے زائد ممالک کے 400 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔

پاکستانی ٹیم کے ذوالفقار علی (گورنمنٹ سٹی بوائز اسکول، ڈیرہ غازی خان)، علی حمدان علوی (ایف جی سر سید کالج، راولپنڈی) اور دانیال شہزاد حامد (دی سائنس اسکول، روات، اسلام آباد) نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
اس کے علاوہ ایچی سن کالج لاہور کے حزہ محمود اور صدیق پبلک اسکول راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز نے بہترین کارکردگی پر اعزازی اسناد حاصل کیں۔

حکام کے مطابق پاکستانی طلبہ کا انتخاب 22ویں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا، جو ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے مشترکہ اسٹیم کیریئرز پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔
منتخب طلبہ کو کیمپس میں خصوصی تربیتی مراحل سے گزارا گیا، انہیں ملکی اور بین الاقوامی ماہرین نے نظریاتی اور تجرباتی فزکس کی اعلیٰ سطح کی تربیت فراہم کی۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر محمد وسیم نے کی۔

پاکستان 2001 سے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں شرکت کر رہا ہے، جبکہ اسٹیم کیریئرز پروگرام کے آغاز سے اب تک 365 سے زائد پاکستانی طلبہ عالمی سائنس اولمپیاڈز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں اور مجموعی طور پر 144 تمغے جیت چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان سائنسی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے گا۔





