پاکستان کی مالیاتی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے منظم مہم جاری ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پانڈا بانڈ اور یورو بانڈ سے متعلق سامنے آنے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اہم مالیاتی معاملات کو بدنام کرنے کے لیے منظم اور بدنیتی پر مبنی مہم چلائی جا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ اور 750 ملین ڈالر مالیت کے یورو بانڈ کا اجرا تمام قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرتے ہوئے کیا گیا، اس لیے ان سے متعلق کیے جانے والے دعوے مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خودمختار مالیاتی معاملات کے حوالے سے غلط معلومات پھیلانا اور قومی اسمبلی میں پوچھے گئے سوالات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا صرف عوامی سطح تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

وزیر دفاع کے مطابق اس نوعیت کی رپورٹنگ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہونے، بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی ساکھ متاثر ہونے اور مستقبل میں مالیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ذمہ دار صحافت نہیں بلکہ سنسنی خیزی، غلط معلومات اور مخصوص سیاسی مقاصد پر مبنی زرد صحافت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ قابلِ اطلاق قوانین کے تحت غیر ذمہ دارانہ اور گمراہ کن رپورٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی پر غور کرے۔

یہ بھی پڑھیں : امت مسلمہ کے مسائل کا واحد حل اتحاد اور اعتدال ہے، مولانا فضل الرحمان

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کی کارروائی کا حوالہ دینا اس بات کی علامت ہے کہ خبر دینے والا اپنی معلومات کی درستگی پر خود بھی مطمئن نہیں۔ صحافتی اصولوں کے مطابق کسی بھی خبر کی اشاعت یا نشریات سے پہلے اس کی تصدیق کرنا اور متعلقہ فریق کا مؤقف لینا ضروری ہوتا ہے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر وزارت خزانہ سے بھی معلومات حاصل کی ہیں تاکہ عوام کے سامنے دوسرا مؤقف بھی رکھا جا سکے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ بھی پہلے ہی ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے پانڈا بانڈ اور یورو بانڈ سے متعلق تمام الزامات اور دعوؤں کو مسترد کر چکی ہے۔

Scroll to Top