ای چالان نادہندگان ہوشیار، اب بچنا آسان نہیں

لاہور: لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف جاری مہم مزید تیز کرتے ہوئے گرین ٹاؤن کے علاقے میں ایک کمرشل پک اپ گاڑی کو تحویل میں لے لیا، جس پر 60 ہزار روپے کے واجب الادا ای چالان تھے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کارروائی شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف جاری مہم کے دوران عمل میں لائی گئی۔

معمول کی چیکنگ کے دوران گاڑی کا ای چالان ریکارڈ چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ مالک نے متعدد جرمانے تاحال ادا نہیں کیے تھے۔

ٹریفک انسپکٹر ظہیر عباس نے بتایا کہ مذکورہ کمرشل پک اپ نے چار مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی، جس پر ہر خلاف ورزی کے لیے 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس طرح گاڑی پر مجموعی طور پر 60 ہزار روپے کے ای چالان زیر التوا تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جرمانے ادا نہ کیے جانے پر گاڑی کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے میں بند کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید کارروائی ٹریفک قوانین کے مطابق جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان کی نئی کابینہ دو سے تین روز میں تشکیل دی جائے گی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں اے این پی آر (ANPR) کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی 20 سے زائد اقسام کی خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

چیف ٹریفک افسر سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، دورانِ سفر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور مقررہ وقت پر ای چالان ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی اور غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top