اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ ایک سال کے دوران آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق 10 جولائی 2025 کے مقابلے میں 10 جولائی 2026 تک 20 کلو آٹے کا تھیلا مختلف شہروں میں 806 روپے سے لے کر 1250 روپے تک مہنگا ہو گیا۔
دستاویزات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کے بڑے شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ کراچی بدستور ملک کا سب سے مہنگا شہر رہا، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک سال قبل 1800 روپے تھی، جو بڑھ کر 2900 روپے تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پشاور اور بنوں میں ایک سال کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 1250 روپے مہنگا ہوا، جبکہ کوئٹہ اور خضدار میں 1200 روپے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 1173 روپے، سکھر میں 1140 روپے اور کراچی و حیدرآباد میں 1100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 1083 روپے، بہاولپور میں 1013 روپے، جبکہ سیالکوٹ، ملتان اور لاڑکانہ میں ایک ہزار روپے تک اضافہ ہوا۔ فیصل آباد میں 950 روپے، لاہور میں 850 روپے اور سرگودھا میں 806 روپے اضافے کے ساتھ آٹے کی قیمتوں میں نمایاں بڑھوتری دیکھی گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1627 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے، راولپنڈی میں 1613 سے 2786 روپے، گوجرانوالہ میں 1450 سے 2533 روپے، سیالکوٹ میں 1467 سے 2467 روپے اور لاہور میں 1400 سے بڑھ کر 2250 روپے کا ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ای چالان نادہندگان ہوشیار، اب بچنا آسان نہیں
اسی طرح فیصل آباد میں قیمت 1400 سے بڑھ کر 2350 روپے، سرگودھا میں 1494 سے 2300 روپے، ملتان میں 1533 سے 2533 روپے، بہاولپور میں 1467 سے 2480 روپے اور کراچی میں 1800 سے بڑھ کر 2900 روپے تک جا پہنچی۔
دستاویزات کے مطابق حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1700 سے بڑھ کر 2800 روپے، سکھر میں 1400 سے 2540 روپے، لاڑکانہ میں 1500 سے 2500 روپے، پشاور میں 1550 سے 2800 روپے، بنوں میں 1450 سے 2700 روپے، جبکہ کوئٹہ اور خضدار میں 1600 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے تک فروخت ہونے لگا ہے۔





