خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کا خدشہ

پشاور: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی اور حساس علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے اور اچانک سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ کئی اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیش گوئی کے دوران شدید بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

پیش گوئی کے مطابق چترال اپر و لوئر، دیر اپر و لوئر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس اور تورغر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسی طرح بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی اور بنوں میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان کے اضلاع میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائی کورٹ کا خیبر پختونخوا میں جنگلات کی کٹائی پر اظہارِ تشویش، حکومت سے ایک ماہ میں جواب طلب

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 59 ملی میٹر، باجوڑ میں 29، مالم جبہ میں 13، بنوں میں 12، دیر اور کالام میں 7، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 5 جبکہ پشاور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چترال میں 38، پشاور میں 36، بنوں اور مالم جبہ میں 34 اور کالام میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

Scroll to Top