پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل پر ٹرانسپورٹرز برہم، سخت ردعمل

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ملک گیر ہڑتال کی کال دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ قابل قبول نہیں۔ اس معاملے پر ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جلد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے، تمام ٹرانسپورٹرز تیار رہیں، کسی بھی وقت احتجاج کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور حکومتی فیصلوں کے باعث ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے چیمبرز آف کامرس اور فیڈریشنز سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب سے متعلق حوثی دھمکیوں پر پاکستان کا سخت ردعمل سامنے آگیا

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے، جبکہ موٹروے اور ٹریفک پولیس کے چالان سمیت دیگر معاملات میں بھی ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملک کے وسیع تر مفاد میں نقصان برداشت کرتے ہوئے گاڑیاں چلا رہے ہیں، جبکہ موجودہ حالات اور پالیسیوں سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر بھی عمل درآمد کیا جائے۔

Scroll to Top