دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) نے مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی شرائط واضح کر دی ہیں، جس کے تحت اہل افراد متحدہ عرب امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے۔
جی ڈی آر ایف اے کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری اور ان کے اہل خانہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے ان کے پاس عام پاسپورٹ اور منظور شدہ ممالک میں سے کسی ایک کا مؤثر رہائشی پرمٹ ہونا ضروری ہے۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم 6 ماہ کی مدت کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر، جبکہ امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کا جاری کردہ فعال رہائشی اجازت نامہ ہونا لازمی ہے۔
شرائط کے مطابق 14 روزہ ویزا کو ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے بڑھایا جا سکتا ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا ردعمل، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اعلان
ویزے کے لیے درخواستیں جی ڈی آر ایف اے کی ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ منظوری کے بعد ویزا درخواست گزار کے رجسٹرڈ ای میل پر بھیج دیا جائے گا، جبکہ درخواستوں پر کارروائی 48 گھنٹوں کے اندر مکمل کی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ یہ سہولت سفری عمل کو آسان بنانے، سیاحت کو فروغ دینے اور مزید بین الاقوامی مسافروں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
ادارے کے مطابق 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتے ہیں۔





