بادلوں کا راج برقرار، بارشوں کا سلسلہ کب تھمے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

بادلوں کا راج برقرار، بارشوں کا سلسلہ کب تھمے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق23سے 24 جولائی کے دوران مون سون ہواؤں اور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برساتی ریلوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

گلگت بلتستان میں سیلابی خدشات
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر، گلگت اور دیامر میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ گانچھے، شگر، استور، کھرمنگ اور روندو کے دریاؤں، آبی گزرگاہوں اور مقامی ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع متاثر ہونے کا امکان
خیبرپختونخوا میں چترال، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز بہاؤ اور پہاڑی برساتی ریلوں کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق ہری پور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، پشاور، خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، بنوں، کرک، ہنگو، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، مہمند اور لکی مروت کے ندی نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

آزاد کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی کا امکان
آزاد جموں و کشمیر کے باغ، حویلی، پونچھ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ برقرار ہے۔ حکام نے شہریوں کو حساس مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب اور بلوچستان میں بھی خطرہ برقرار
پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی برساتی نالوں جبکہ میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں دریائے کرم کے پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، زیارت، دکی، بارکھان، ہرنائی، سبی، کچھی، خضدار، لہڑی اور جھل مگسی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب مرالہ کے مقام پر اونچے درجے جبکہ دریائے جہلم منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ جہلم اور چناب بیسن کے مختلف نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔اسی طرح دریائے راوی کے بلوکی مقام پر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دریائے سوات، پنجکوڑہ، چترال، کابل اور ان کے معاون دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
این ڈی ایم اے نے راولپنڈی، جہلم، فیصل آباد، میانوالی، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کی ہدایات
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کو تیار رکھنے اور ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔عوام کو بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران ندی نالوں، دریاؤں کے قریب جانے اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

Scroll to Top