ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کا فائنل لارڈز کے بجائے دی اوول میں ہوگا

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ 2027 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کی میزبانی تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے بجائے لندن کے دی اوول کو سونپ دی گئی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون 2027 تک دی اوول میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ سال انگلینڈ کو 2027، 2029 اور 2031 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی کے حقوق دیے تھے، جبکہ ہر ایڈیشن کے لیے میزبان گراؤنڈ کے انتخاب کا اختیار انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے پاس رکھا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر توقع کی جا رہی تھی کہ 2027 کا فائنل بھی گزشتہ ایڈیشن کی طرح لارڈز میں منعقد ہوگا، تاہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اس بار دی اوول کو میزبان میدان منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی ایران کو بڑے فوجی آپریشن کی دھمکی، ایران کا ردعمل سامنے آگیا

رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کی ایک اہم وجہ لارڈز کی پچ کے معیار پر اٹھنے والے خدشات ہیں۔

گزشتہ ماہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے آئی سی سی نے پہلی مرتبہ لارڈز کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔

یہ دوسرا موقع ہوگا جب دی اوول ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 2023 میں بھی اسی میدان میں فائنل کھیلا گیا تھا، جہاں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

Scroll to Top