فیس بک نے صارفین کو بڑی خوشخبری سنادی

سوشل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم میٹا نے فیس بک صارفین کے لیے ایک نیا اور مفت ویریفکیشن پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اہل صارفین بغیر کسی ماہانہ فیس کے اپنی پروفائل پر ایک خصوصی ویریفائیڈ ٹک حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد پلیٹ فارم سے جعلی (فیک) اکاؤنٹس کا خاتمہ کرنا اور صارفین کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

نئے ویریفکیشن سسٹم کی خاص بات اس میں استعمال ہونے والی جدید چہرے کی شناخت (فیشل ریکگنیشن) ٹیکنالوجی ہے۔ اس تصدیقی عمل کے دوران صارف کو ایک فوری سیلفی فراہم کرنا ہوگی جس کا موازنہ اس کے اکاؤنٹ پر موجود تصاویر سے کیا جائے گا۔ شناخت کی کامیاب تصدیق ہوتے ہی چند منٹوں کے اندر صارف کے نام کے ساتھ خصوصی ویریفائیڈ نشان نمایاں ہو جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ پالیسی کے مطابق اس مفت پروگرام سے صرف وہی صارفین مستفید ہو سکیں گے جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہوگی۔ میٹا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ نیا نشان روایتی بلیو ٹک سے بالکل مختلف ہوگا۔ اس کا مقصد صرف یہ ثابت کرنا ہے کہ متعلقہ اکاؤنٹ کسی حقیقی انسان کا ہے، نہ کہ اس شخص کی شہرت یا ساکھ کی تصدیق کرنا۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز 72 گھنٹوں میں دوسری بار متاثر، صارفین پریشان

واضح رہے کہ میٹا نے فروری 2023 میں میٹا ویریفائیڈنامی سروس کا آغاز کیا تھا جس کے تحت صارفین ماہانہ سبسکرپشن فیس ادا کر کے بلیو ٹک، اضافی اکاؤنٹ سیکیورٹی اور دیگر خصوصی سہولیات حاصل کرتے ہیں۔ تاہم اب کمپنی نے عام اور حقیقی صارفین کی شناخت کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے مفت ویریفائیڈ ٹک کی سہولت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Scroll to Top