حکومت کا پی ٹی آئی کو مذاکرات اور کمیٹیوں میں واپسی کا گرین سگنل، شوکت یوسفزئی نے فیصلہ مشاورت سے مشروط کر دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کی جانب سے مذاکرات اور پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی پیشکش پر پارٹی سطح پر مشاورت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آئندہ قومی اسمبلی اجلاس سے قبل مشاورت کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے چیف وہپس کو اسپیکر چیمبر مدعو کیا تھا، اسی سلسلے میں قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کی اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات ہوئی۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران آئندہ پارلیمانی کارروائی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اسپیکر ایاز صادق نے عامر ڈوگر کو تجویز دی کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرے اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں بھی واپس آئے۔

انہوں نے کہا کہ عامر ڈوگر نے اسپیکر کو آگاہ کیا کہ وہ اس پیشکش پر پارٹی قیادت سے مشاورت کریں گے اور حکومتی تجویز کو پارٹی کے سامنے رکھیں گے کیونکہ اس نوعیت کا اہم فیصلہ وہ اکیلے نہیں کر سکتے۔

شوکت یوسف زئی کے مطابق عامر ڈوگر نے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور تمام اہم فیصلے پارٹی کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔

Scroll to Top