اولمپک چیمپئن ارشد ندیم پھر میدان میں، فائنل سے پہلے قوم سے بڑی اپیل کر دی

پاکستان کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز 2026 کے جیولن تھرو کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

فائنل میں رسائی کے بعد پاکستان کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے قوم سے اپنی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنی پہلی ہی کوشش میں 78.63 میٹر کی تھرو کی جو مشکل موسمی حالات کے باوجود انہیں میڈلز کے راؤنڈ تک پہنچانے کے لیے کافی ثابت ہوئی۔

مقابلے کے دوران سامنے سے چلنے والی تیز ہوا کے باعث کوئی بھی ایتھلیٹ 84 میٹر کے خودکار کوالیفائنگ معیار تک نہ پہنچ سکا، جس کے باعث بہترین تھروز کی بنیاد پر ٹاپ 12 کھلاڑیوں کو فائنل کے لیے منتخب کیا گیا۔

دفاعی چیمپئن ارشد ندیم مجموعی طور پر ساتویں پوزیشن کے ساتھ فائنل میں پہنچے، ان کی دوسری کوشش فاؤل رہی جبکہ تیسری کوشش میں انہوں نے 75.65 میٹر کی تھرو کی تاہم پہلی کوشش ہی فائنل کے لیے کافی ثابت ہوئی۔

فائنل میں رسائی کے بعد ارشد ندیم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا الحمدللہ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں نے کامن ویلتھ گیمز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

آپ سب کی محبت، حمایت اور دعاؤں کا دل سے شکر گزار ہوں، آج رات 8 بج کر 15 منٹ پر فائنل ہوگا، براہِ کرم مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم نے پھر کر دکھایا!جیولین تھرو کے فائنل میں پہنچ گئے،فائنل مقابلہ کب ہوگا؟تاریخ بارے پتا چل گیا

29 سالہ ارشد ندیم نے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں 90.18 میٹر کی گیمز ریکارڈ تھرو کے ساتھ پاکستان کو 1962 کے بعد ایتھلیٹکس میں پہلا کامن ویلتھ گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

انہوں نے پیرس اولمپکس 2024 میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کے ذریعے پاکستان کے پہلے اولمپک ایتھلیٹکس چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

Scroll to Top