کوئٹہ: سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔
کوئٹہ میں منعقدہ تقریب کے دوران خلیل جارج نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی شریک تھے۔
مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے اقلیتی برادری کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل اور اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے خلیل جارج کو مسلم لیگ ن میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ خلیل جارج کی پارٹی میں آمد سے مسلم لیگ ن مزید مضبوط ہوگی، جبکہ ان کا سیاسی اور عوامی تجربہ جماعت کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : شام کا ایٹمی مواد کی منتقلی کیلئے امریکہ اور اسرائیل سے معاہدہ طے پا گیا
جمال شاہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے کی بہتری کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں اور حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔
بلوچستان کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق سوال پر جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں ردوبدل سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ متعلقہ فورم کی جانب سے سامنے آئے گا۔





