سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کو تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد، صدرِ جمہوریہ ترکیہ اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی توثیق کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور خطے کو درپیش مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ مکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی، استحکام اور امن کے تحفظ کے لیے تینوں ممالک کے مشترکہ سیاسی عزم کا مظہر ہے، جبکہ یہ ایک زیادہ محفوظ علاقائی ماحول کے قیام میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ طے پا گیا
سعودی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرے گا، جس کے نتیجے میں ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کو فروغ ملے گا، اور تینوں ممالک کے عوام اس کے مثبت ثمرات سے مستفید ہوں گے۔





