کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑا اعلان

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے مستقبل اور ریٹائرمنٹ سے متعلق اہم اشارہ دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ رواں سیزن ممکنہ طور پر بطور فٹبالر ان کا آخری سیزن ہوسکتا ہے۔

41 سالہ رونالڈو نے اپنی ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کے بعد ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ شاید فٹبال میں ان کا آخری سال ہو اور وہ کھیل سے رخصت ہونے سے قبل ایک شاندار میراث چھوڑنا چاہتے ہیں۔

رونالڈو کے مطابق انہوں نے فٹبال سے دور اپنے مستقبل کی بھی منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد خود کو مصروف رکھنے کے لیے ان کے پاس بہت سی سرگرمیاں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں زیادہ تفریح، سفر اور پیڈل کھیلنے کے ساتھ اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ رونالڈو کا کہنا تھا کہ فٹبال کا سفر تقریباً 25 سال کی قربانیوں پر مشتمل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رونالڈو نے بالآخر اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا سے شادی کرلی

واضح رہے کہ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور اور پانچ مرتبہ چیمپئنز لیگ جیتنے والے رونالڈو انگلینڈ، اسپین، اٹلی اور سعودی عرب میں لیگ ٹائٹلز اپنے نام کرچکے ہیں۔ وہ مینز انٹرنیشنل فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔

پرتگال کے کپتان گزشتہ تقریباً چار سال سے سعودی پرو لیگ کی ٹیم النصر کا حصہ ہیں اور ان کے موجودہ معاہدے میں ابھی ایک سال باقی ہے۔

رونالڈو نے جولائی میں فیفا ورلڈکپ سے متعلق سوال پر بھی کہا تھا کہ وہ اپنے خاندان سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے پرسکون ذہن کے ساتھ فیصلہ کریں گے۔

Scroll to Top