جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا موئلامبو جولز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقعے پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو وسیع اور مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے۔
اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل بانزا موئلامبو جولز نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانگو کے دفاعی سربراہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل استعداد اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں،وزیراعظم
انہوں نے دفاعی شعبے میں مقامی سطح پر صلاحیتوں کے فروغ اور خود انحصاری کے ذریعے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے حاصل کی گئی نمایاں پیشرفت کو بھی تسلیم کیا۔





