شام کے وزیرِ امور خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا اہم دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، اہم دورے کے دوران دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے شامی وزیر کے دورہ پاکستان سے متعلق جاری کے مطابق شام کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر دو روز پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، شام میں نئی حکومت کے قیام کے بعد کسی بھی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ باہمی مذاکرات اور تفصیلی مشاورت کی جس کے دوران دونوں ممالک کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا، فریقین نے باقاعدہ ادارہ جاتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قائم شدہ ادارہ جاتی میکانزم کو جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس دوران باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور عوام سے عوام کے رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دو روزہ دورے کے دوران شامی وزیر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، انہوں نے وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات، وزیرِ تجارت اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔





