خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پشاور: خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق آج شام اور رات سے 23 اگست تک صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران بالائی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان سمیت صوبے کے بالائی اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور ہنگو کے میدانی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو شدید بارش کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے، جبکہ بالائی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

الرٹ کے مطابق گرج چمک اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی اقدامات یقینی بنانے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، جبکہ والدین بچوں کو ندی نالوں، جوہڑوں اور پانی کی گزرگاہوں کے قریب جانے سے روکیں۔

بارش کے دوران برقی آلات اور کھلے بجلی کے تاروں سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ممکنہ اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے ریسکیو عملے اور ضروری سامان کو تیار رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Scroll to Top