آیت نور کیس کی تفتیش آخری حد تک باریک بینی سے جاری ہے، ڈی پی او ہری پور

حمد اللہ
ہری پور: ڈسٹرک پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ آیت نور کیس میں پولیس نے دن رات محنت کی، جبکہ کیس کی تفتیش میں لیڈیز پولیس، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے اہم کردار ادا کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈی پی او ہری پور نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز سے کیس ٹریس کرنے میں پولیس کو اہم مدد ملی، جبکہ لیڈیز پولیس نے خطرناک اور دشوار گزار مقامات پر بھی سرچ آپریشنز میں حصہ لیا۔

شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پولیس نے آیت نور کو اپنی بیٹی سمجھ کر کیس پر کام کیا اور تفتیش کے دوران تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ہری پور آیت نور کیس: پولیس نے 5 ملزمان کی شناخت کرلی

انہوں نے کہا کہ آیت نور کیس میں مزید ملزمان کے حوالے سے تفتیش جاری ہے اور واقعے میں ملوث تمام کرداروں کے تعین کے لیے تحقیقات آخری حد تک باریک بینی سے کی جارہی ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق پولیس کی ٹیمیں اب بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور مزید شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، جبکہ کیس کی تفتیش کو حتمی نتیجے تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آیت نور کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مزید شواہد سامنے آنے کے ساتھ تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Scroll to Top