پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اترا، ڈاکٹر نبیل اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔
یہ کمیٹی پمز اسپتال میں آگ لگنے کی وجوہات اور واقعے کی مکمل ٹائم لائن کا تعین کرے گی۔ مزید برآں، اسپتال عملے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
کمیٹی حادثے کے وقت نومولود اور ہائی رسک بچوں کے انخلا سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد، پمز میں فائر سیفٹی انفراسٹرکچر اور حفاظتی ضوابط کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لے گی۔
انکوائری کمیٹی واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد اور ان کی ذمہ داری کا تعین کرے گی، جبکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پمز کے انتظامی نظام میں اصلاحات کی سفارشات بھی پیش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ پمز: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار، آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے آ گئی
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی 48 گھنٹوں میں اپنی عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، جبکہ مکمل تحقیقات اور سفارشات پر مشتمل جامع رپورٹ 5 روز میں پیش کی جائے گی۔ وزارت قومی صحت کو فوری طور پر انکوائری کمیٹی کو نوٹیفائی کرنے اور تمام ضروری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔





