پشاور: خیبرپختونخوا میں 627 سرکاری اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے سالانہ سروے رپورٹ جاری کردی۔
محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق ضم شدہ اضلاع میں 411 جبکہ بندوبستی علاقوں میں 216 سرکاری اسکول غیر فعال ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 226 اسکول اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث بند ہیں، جبکہ 66 اسکول طلبہ نہ ہونے کی وجہ سے غیر فعال ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 28 اسکول تنازعات جبکہ 11 اسکول قبضے کے باعث بند ہیں۔ غیر فعال اسکولوں کی تعداد کے اعتبار سے شمالی وزیرستان سرفہرست ہے، جہاں 111 اسکول بند ہیں۔ جنوبی وزیرستان اپر میں 99 جبکہ اپر کوہستان میں 68 اسکول غیر فعال قرار دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مون سون کا نیا اسپیل ملک میں داخل، آج سے تیز بارشوں کی پیشگوئی
سالانہ سروے رپورٹ کے مطابق کرم میں 53، سب ڈویژن بنوں میں 45 جبکہ بنوں میں 44 اسکول بند ہیں۔ کوہستان لوئر میں 29، خیبر میں 27 اور ہنگو میں 16 سرکاری اسکول غیر فعال ہیں۔
اسی طرح بٹگرام میں 13، مانسہرہ میں 7، ٹانک میں 6 جبکہ پشاور میں 5 اسکول بند ہیں۔ سوات اور چارسدہ میں 4، 4 جبکہ شانگلہ میں 3 اسکول غیر فعال ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لکی مروت اور نوشہرہ میں 2، 2 اسکول بند ہیں، جبکہ مردان، کرک، کوہاٹ اور صوابی میں ایک، ایک سرکاری اسکول غیر فعال ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ سالانہ سروے رپورٹ کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم کا مؤقف لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔





