لاہور: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اہم دورہ انگلینڈ کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئی۔ قومی جونیئر ٹیم لاہور سے براستہ دبئی انگلینڈ پہنچے گی، جہاں وہ میزبان انگلینڈ انڈر 19 ٹیم کے خلاف سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔
دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان اور انگلینڈ کی جونیئر ٹیموں کے درمیان ایک یوتھ ٹیسٹ اور چار یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ فراہم کرنا اور انہیں مستقبل میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے تیار کرنا ہے۔
ٹور کے شیڈول کے مطابق واحد یوتھ ٹیسٹ میچ 2 سے 5 ستمبر تک ارونڈل کاسل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ چار روزہ میچ کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان محدود اوورز کی سیریز کا آغاز ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : تیسرے روز کا کھیل ،بارش کی آنکھ مچولی، انگلینڈ کی 357 رنز کی برتری
چار میچوں پر مشتمل یوتھ ون ڈے سیریز 9 سے 16 ستمبر تک جاری رہے گی۔ سیریز کا پہلا ون ڈے ارونڈل، دوسرا گلڈ فورڈ جبکہ آخری دو میچز ورمزلے کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیمیں ون ڈے سیریز میں ٹرافی کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، جبکہ دورہ نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع بھی ہوگا۔





