عوامی سیکیورٹی کے پیشِ نظر ڈیرہ اسماعیل خان میں 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ

ڈیرہ اسماعیل خان : ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے پیشِ نظر انتظامیہ کی جانب سے بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر حکمت اللہ نے عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے پورے ضلع میں 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

 اس فیصلے کے تحت ضلع بھر میں ہر قسم کے جلسے، جلوسوں، ریلیوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، عمومی اسلحے کی نمائش اور سڑکوں پر بلاجواز خیمے یا کیمپ لگانے پر بھی سخت پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : انتشاری ٹولے کی بیڈ گورننس اور دہشت گردوں سے روابط نے پختونخوا کو تباہ کر دیا، دیر بالا میں تعلیمی ادارے زبوں حالی کا شکار

 ڈپٹی کمشنر کے مطابق دفعہ 144 کا یہ نفاذ 13 اکتوبر سے 11 نومبر تک مسلسل جاری رہے گا، جس کا بنیادی مقصد علاقے میں قانون کی حکمرانی اور عوام کے لیے امن و سکون کا ماحول فراہم کرنا ہے۔

 اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ عوام کے تحفظ کے لیے وضع کیے گئے ان قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top