اسلام آباد: مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے پاکستان میں داخل ہوگیا ہے، جس کے بعد محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا آخری سپیل آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
مری اور گلیات سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارشوں کے باعث ان علاقوں میں موسم مزید سرد اور خنک ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان میں گھر پر کواڈ کاپٹر حملہ، 3 بچوں سمیت 4 افراد زخمی
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد کو موسم کی صورتحال مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔





